04/09/2024
*اڈا ٹھینگی کے راستے،خطرناک حادثات کے سبب*
وہاڑی سے ملتان کی طرف عازمِ سفر ہوں تو اٹھارہ کلومیٹر کی مسافت پر "اڈا ٹھینگی" واقع ہے،
اس کی طرف دو راستے جاتے ہیں اور وہ دونوں ہی نہایت ہی شکستہ حالت میں ہیں،راہ گیروں اور مقامی باشندوں کے لیے سخت پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔
وہ راستے کئی ایک ناگہانی مصیبتوں کا باعث بن چکے ہیں۔
ابھی چند دن پہلے ایک آئل ٹینکر گرا ہے،اللہ کریم نے کرم فرمایا،نہیں تو خدا نخواستہ خطرہ تھا کہ کہیں دوسرا "سانحہ أحمد پور شرقیہ" نہ پیش آجائے۔
پناہِ خدا کہ اگر اس نوعیت کا کوئی حادثہ جنم لے لیتا تو پھر سب کی ہی دوڑیں لگی ہوتیں اور نہ جانے کیا کیا کچھ دیکھنا پڑتا!!
ابھی صرف دو دن پہلے ایک بڑا ٹرالا بھی بری طرح قلا بازیاں کھاگیا۔
کیا ان پریشان کن حالات میں ان راستوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے؟
خاکم بدہن کہ کیا حکومتی و سیاسی شخصیات کسی بڑے حادثے کے وقوع کی منتظر ہیں؟
خدا کے لیے کوئی مسیحا بن کر سامنے آئے اور اس خطرناک صورت حال کا ادراک کرتے ہوئے مکمل ملتان روڈ یا کم از کم اس حصے کی جتنی جلد اور جس طرح بھی تعمیر و مرمت ممکن ہو،کر گزرے!
اس طرح وہ اللہ کے بھی ہاں مقام بلند حاصل کرے گا اور لوگوں کی نظروں میں ایک اچھی اور ممتاز حیثیت کا حامل شمار ہوگا۔