03/03/2026
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2026ء - ساجد علی ) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایران پر حملے کا مقصد اسرائیلی اثر و رسوخ پاکستانی سرحد تک لانا ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صیہونیت انسانیت کے لیے خطرہ ہے، فلسطین کی سرزمین پہ اسرائیل کے قائم ہونے سے لے کر آج تک اسلامی دنیا پہ جو بھی قیامتیں ٹوٹیں، جو بھی جنگیں مسلط ہوئیں ان کے پیچھے صیہونی سوچ اور ریاست بالواسطہ یا بلا واسط کار فرما نظر آئے گی، دنیا کے معاشی نظام پہ صیہونیت کا ایک صدی سے قبضہ ہے، بڑی طاقتیں صیہونیت کی یرغمال ہیں۔
خواجہ آصف کہتے ہیں کہ ایران کی معاہدے پہ رضا مندی کے باوجود ان پہ جنگ مسلط کی گئی ہے، اس کے ایجنڈے میں جو صیہونیوں کا ترتیب شدہ ہے اس میں یہ بھی شامل ہے کہ اسرائیل کا اثر و رسوخ پاکستان کی سرحد تک لایا جایا، افغانستان ایران اور ہندوستان سب کے مشترکہ ایجنڈا کی بنیاد پاکستان دشمنی ہو، ہماری سرحدیں غیر محفوظ ہوجائیں، ہر طرف سے دشمنوں میں گھر جائے اور پاکستان ایک دست نگر ریاست بن جائے، 25 کروڑ پاکستانیوں کو وہ کسی بھی مکتبہ فکر سے تعلق رکھتے ہوں اختلافات کے باوجود اس سازش اور ازلی دشمنوں کے عزائم سمجھنے کی ضرورت ہے۔